کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی کی مقبولیت کے بعد اب ہاکی میں بھی چھوٹا فارمیٹ متعارف کرایا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق،ہاکی کے چھوٹے فارمیٹ میں ہاکی میچ ایک گھنٹے کے بجائے 20 منٹ کا ہوگا میچ میں ایک ہاف10 منٹ پر مشتمل ہوگا۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے تحت پہلی بار ورلڈ ہاکی فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے ، فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ میں 11کے بجائے گول کیپر سمیت 5 کھلاڑی شامل ہوتے ہیں اور میدان بھی چھوٹا ہوتا ہے۔
ورلڈ فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ 4 اور 5 جون کو سوئیزرلینڈ کے شہر لوزانے میں کیا جا رہا ہے، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اس چھوٹے فارمیٹ کے ایونٹ کو گزشتہ سال کرانا چاہتی تھی لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اس کاانعقاد نہیں کیا جاسکا ۔
اس ایونٹ میں پاکستان کی 10 رکنی انڈر۔23 ٹیم شرکت کرے گی جس کے انتخاب کے لیے ٹرائیلز یکم اور 2 اپریل کو لاہور میں ہوئے ۔
پاکستان کی پہلی فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹیم کیلئے سابق کپتان ریحان بٹ کو مینیجر ہیڈ کوچ بنایا جارہا ہے جبکہ وقاص شریف ان کے ساتھ اسسٹنٹ کوچ ہوں گے ۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر خالد سجاد کھوکھر نے دونوں کے ناموں کی منظوری دے دی ہے ،یاد رہے کہ ریحان بٹ پاکستان ہاکی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں