آئی ایم ایف سے معاہدے کی امید نے ڈالر کی پرواز کو بریک لگادیے

ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک موقع پر 2.91 روپے گھٹ کر 275 کی سطح پر آگئے تھے

آئی ایم ایف سے معاہدے تک ڈالر اپنی موجودہ قدر کے اردگرد گھومتا رہے گا، ماہرین

کراچی(بزنس ڈیسک) پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کی تمام مطلوبہ شرائط پوری ہونے سے رواں ہفتے کسی بھی وقت اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کی امید پر منگل کو بھی زر مبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی اڑان رکی رہی۔کاروباری دورانیے کے ابتدامیں ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک موقع پر 2.91 روپے گھٹ کر 275 روپے کی سطح پر آگئے تھے لیکن وقفے وقفے سے ڈیمانڈ آنے سے ڈالر کی قدر میں ریکوری ہوئی جس سے کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر صرف 5 پیسے کی کمی سے 277.86 روپے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 279 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ قطر سے بھی مثبت توقعات وابستہ ہیں کیونکہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو اپنے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے دوست ممالک سے ذرمبادلہ کا مطلوبہ بندوبست کرنے کی ہدایت کی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے تمام مطلوبہ شرائط پوری کرلی گئی ہیں جس کے بعد اب صرف معاہدے کا انتظار ہے اور جب تک معاہدہ نہیں ہوتا اس وقت تک ڈالر اپنی موجودہ قدر کے اردگرد گھومتا رہے گا، اگر معاہدہ طے پاجاتا ہے تو ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی کے امکانات ہیں۔ معاہدے میں تاخیر کی صورت میں ڈالر دوبارہ پاکستانی روپے پر غلبہ حاصل کرسکتا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*