کراچی: دو روز کے دوران شہر میں گرم دن ریکارڈ ہوسکتے ہیں اور کراچی میں پارہ 36 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق بدھ اور جمعرات کو شہر میں گرم دن ریکارڈ ہوسکتے ہیں جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بتدریج 35 اور بعد ازاں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے وقت سمندری ہوائیں مختصروقت کے لیے بند ہوں گی، اس دوران بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے تاہم شام کے وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں دوبارہ بحال ہونے کی توقع ہے۔ گرمی کی جزوی لہر کے دوران ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے والا نیا سلسلہ بالائی سندھ کے اضلاع پر ہلکی بارش کی صورت میں اثر انداز ہوگا، اس دوران لاڑکانہ، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، دادو، جیکب آباد، سکھر اور گھوٹکی میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.7 ڈگری جبکہ کم سے کم 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت ہلکی دھند کے سبب حد نگاہ کم ہو کر 3 کلومیٹر تک ریکارڈ ہوئی۔