وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق نے کہا ہے کہ افغانستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔
پیر نور الحق نے افغانی عوام کیلئے فوڈ ریلیف پیکیج روانگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 20 ٹرکوں پر مشتمل امداد افغانستان کے لیے بھیج رہے ہیں، افغانستان کے لیے امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان موجودہ حالات کے باعث ایک کرائسز کی جانب جا رہا ہے، مسلم ہینڈز کی جانب سے امداد کا سلسلہ دیکھ کر دیگر این جی اوز بھی آگے بڑھیں گی، افغانستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔
پیر نور الحق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین میں افغانستان پر بات چیت کی گئی، پاکستان ہر مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ کھڑا ہے، جو بھی شخص پاکستان میں افغانستان کے خلاف بات کرتا ہے وہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کا بھی دشمن ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق نے مزید کہا کہ پاکستان کا مستقبل اور افغانستان کا مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہے۔