کیماڑی میں پراسرار اموات کی نئی وجہ سامنے آگئی

ممکنہ طور پر علاقے کے بچے خسرہ کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ

49 بچے خسرہ سے متاثرہ تھے، بچوں کو بیماریوں کے حفاظتی ٹیکے نہیں لگے تھے

متاثرہ علاقے سے لیے گئے پانی، ہوا اور مٹی کے نمونوں کے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے کیماڑی کے علی محمد لغاری گوٹھ میں پراسرار اموات پر محکمہ صحت نے رپورٹ جاری کر دی۔ان اموات کی پہلے ممکنہ وجہ سویا بین سے آلودگی پھر فیکٹریوں کا دھواں بتائی گئی تھی مگر اب محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ بچے خسرہ کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس کے سروے کے مطابق علاقے کے 49 بچے خسرہ سے متاثرہ تھے، ان متاثرہ بچوں کو خسرہ اور دیگر بیماریوں کے حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے گئے تھے۔محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ علاقے سے لیے گئے پانی، ہوا اور مٹی کے نمونوں کے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔اس کے ساتھ ہی پراسرار اموات کا شکار افراد کی تعداد بھی تبدیل ہو گئی، پہلے بتایا گیا تھا کہ 18 سے 19 افراد علاقے میں انتقال کر گئے ہیں تاہم محکمہ صحت نے اب بتایا ہے کہ متاثرہ علاقے میں 15 افراد انتقال کر گئے ہیں۔محکمہ صحت نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ انتقال کرنے والوں میں 9 بچیاں اور 6 بچے شامل ہیں۔محکمہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان بچوں کی تدفین ہو چکی ہے اور ان کے والدین نے قبر کشائی سے انکار کر دیا ہے۔محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق علاقے میں پلاسٹک، گریس، موٹر آئل، پتھر توڑنے کی فیکٹریاں موجود ہیں، ان فیکٹریوں کی بندش کے بعد متعلقہ علاقے میں لوگ متاثر نہیں ہوئے ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقے میں 26 سے 28 جنوری تک محکمہ صحت کی ٹیموں نے دورہ کیا، کیمپ قائم کر کے مکینوں کے ٹیسٹ کیے گئے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*