وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا فیصلہ پاکستانی معیشت اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، نئی قسط کے اجراء سے معیشت میں استحکام آئے گا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی چھٹی قسط جاری کر دی، پاکستانی معیشت کے لیے یہ ایک خوش آئند قدم ہے۔
انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ چائنا جا رہے ہیں، چائنا کا دورہ پاکستان کی سیاسی اور اقتصادی دونوں اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان کی انڈسٹری کو مضبوط کرنے کے لیے چین سے مدد مانگیں گے، چین سے انڈسٹری پاکستان لانے کا کہا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون تیار ہوچکے ہیں، چائنا سے کہا جائے گا کہ وہ ان اقتصادی زونز میں اپنی انڈسٹری لائے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے مزید کہا کہ وزیراعظم چائنہ کے ساتھ زراعت کی ترقی اور ترویج کے لیے بھی بات کریں گے، زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔