ہم دوبار ہ سڑکوں پر ہوں گے اور جب تک حکومت نہیں جاتی احتجاج کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رکھیں گے، فوادچوہدری
مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے حوالے سے احتجاج کیا جائے گا، گھروں میں بجلی نہیں، گیس کی قلت ہے، تیل مہنگا ہورہا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو پہنچ گئیں، پی ٹی آئی رہنما
تحریک مختلف مراحل پر مشتمل ہوگی، پہلے مرحلے میں 3ہفتوں تک حلقوں میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سربراہی میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور پھر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے
پورے پاکستان کے لوگ باہر نکلیں اور اپنے حق کیلیے آواز اٹھائیں، تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں،ٹیکنو کریٹ حکومت کسی صورت قبول نہیں کریں گے، میڈیا سے بات چیت
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف آج سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے حوالے سے احتجاج کیا جائے گا، گھروں میں بجلی نہیں، گیس کی قلت ہے، تیل مہنگا ہورہا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو پہنچ گئیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری یہ تحریک مختلف مراحل پر مشتمل ہوگی، پہلے مرحلے میں تین ہفتوں تک حلقوں میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سربراہی میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور پھر ہم اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔فواد چوہدری نے واضح کیا کہ ہم دوبار ہ سڑکوں پر ہوں گے اور جب تک حکومت نہیں جاتی احتجاج کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رکھیں گے، پورے پاکستان کے لوگ باہر نکلیں اور اپنے حق کیلیے آواز اٹھائیں، تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی بازگشت کو پی ٹی آئی قیادت نے مسترد کیا ہے کیونکہ پاکستان میں ایسے طرز حکومت کی گنجائش نہیں ہے، پاکستان کے عوام ٹیکنوکریٹ حکومت کو قبول نہیں کریں گے کیونکہ ا±ن کا مطالبہ فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب کی حکومت بنانا اور اسمبلی تحلیل کرنا پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے، اس وقت جو پنجاب کے حوالے سے سازش ہورہی ہے ا±س سے باز رہا جائے تو اچھا ہے، اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پنجاب اسمبلی کو تحلیل کردیا جائے گا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کا کھیل کھیلا گیا، جس میں آصف زرداری، ناصر حسین شاہ اور شرجیل میمن شامل ہیں، ہم اسپیکر پنجاب اسمبلی سے مطالبہ کریں گے کہ وہ ان تینوں شخصیات کے دورہ پنجاب کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کر کے کارروائی کی سفارش کریں۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے اراکین کو پیسوں کے ساتھ، عمرے اور لندن بھیجنے کی پیش کش بھی کی جارہی ہے مگر اب تک گنتی کے حساب سے ہمارے اراکین ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وہ ماضی میں منحرف ہونے والے بیس اراکین کو دیکھ رہے ہیں۔