
دونوں ملکوں کے نوجوان پرامن اور خوشحال پڑوس دیکھنا چاہتے ہیں، اتحاد کی سیاست پر یقین ہے
ہم نفرت اور تفریق کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، مستقبل نئی نسل کے ہاتھ میں ہے، انٹرویو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے نوجوان امن کے لئے تیار ہیں اور وہ ایک پرامن خوشحال پڑوس دیکھنا چاہتے ہیں، ہمیں تقسیم کی نہیں بلکہ اتحاد کی سیاست پر یقین ہے۔عالمی میڈیا کو انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی جمہوریت پر اعتماد ہے اور اس پر کاربند رہیں گے، ہمارے لیے جمہوریت اور اداروں کی مضبوطی بہت اہم ہے، وزیر اعظم اور ان کی اقتصادی ٹیم تمام اتحادیوں کے تعاون سے ملک کو مشکل معاشی دور سے نکالنے میں کامیاب ہو جائے گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری اپوزیشن فوج کے سیاست سے پیچھے ہٹنے کی مہم نہیں چلا رہی بلکہ اس بات پر احتجاج کر رہی ہے کہ فوج نے غیر آئینی مداخلت نہیں کی اور عدم اعتماد کا ووٹ لانے سے نہیں روکا۔ میرے خیال میں یہ مضحکہ خیز ہے، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے پہلے چھ ماہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی اقتصادی ٹیم نے ملک کو درپیش صورتحال کے پیش نظر مشکل معاشی فیصلے کئے کیونکہ ہم نے سنجیدہ معاشی اصلاحات کا عزم کیا ہے، ہم پاکستانی عوام کے لیے نتیجہ خیز کام کرنا چاہتے ہیں، پاایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ میرے خیال میں ہندوستان اور پاکستان کی نوجوان نسل امن کے لیے تیار ہے اور وہ ایک پرامن خوشحال پڑوس دیکھنا چاہتے ہیں، مجھے نوجوان نسل پر بھروسہ ہے اور ہم اکیسویں صدی کے جمہوریت کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم تقسیم کی سیاست کو اتحاد کی سیاست سے شکست دیں گے، نفرت کی سیاست کو امید کی سیاست سے شکست دیں گے، جھوٹ کی سیاست کو سچ کی سیاست سے شکست دیں گے، ہمارا مستقبل نئی نسل کے ہاتھ میں ہے، ہم کل کے لیے امید کرتے ہیں جو آج سے بہتر ہو گا، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں تقسیم کی نہیں بلکہ اتحاد کی سیاست پر یقین ہے، ہم نفرت اور تفریق کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، مجھے پاکستان کی جمہوریت پر اعتماد ہے اور اس پر کاربند رہیں گے