سپریم کورٹ نے صحافی ارشدشریف کے قتل کا ازخود نوٹس لے لیا

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے صحافی ارشد شریف کے بہیمانہ قتل کا ازخود نوٹس لے لیا۔ سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت آج ہی ہوگی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کی صحافی برادری اور عوام کی بڑی تعداد سینئر صحافی ارشد شریف کی اندوہناک موت پر شدید غمزدہ اور تشویش میں مبتلا ہیں اور عدالت سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری اطلاعات و نشریات، ڈی جی (ایف آئی اے)، ڈی جی (آئی بی) اور صدر پی ایف یو جے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملہ آج ہی دن 12 بج کر 30 منٹ پر سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 5 رکنی لارجر بینچ کے سامنے چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں ہوگا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل سابق وزیر اعظم عمران خان نے سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل کیس کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان نے ارشد شریف کے قتل کی آزادانہ جوڈیشل کمیشن کے تحت انکوائری کروانے کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئرکی گئی ہے جس میں عمران خان کو خط لکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب کہ ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان کا خط بھی پوسٹ کیا گیا ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*