کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران مسافر کے قبضے سے 46 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد
پاکستان کسٹمز نے کراچی سے بذریعہ امارات ائر لائن کی پرواز دبئی جانےوالے مسافر محمد شا ہد کو مشتبہ جان کر تلاشی لی
مسافر کے ہینڈ بیگ میں خفیہ طریقہ سے 46لاکھ 54ہزار 350روپے مالیت کے غیر ملکی کرنسی چھپانے کا انکشاف
غیر ملکی کرنسی میں امریکی ڈالر، ٹرکش لیرا اور دیگر کرنسیاں شامل ہیں، ملزم سے تفتیش، دیگر مسافروں سے ممنوعہ اشیا برآمد
کرا چی( اسٹاف رپورٹر ) کراچی ایئرپورٹ پر ایک کارروائی کے دوران مسافر کے قبضے سے 46 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرکے منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز جناح انٹر نیشنل ائرپورٹ کلکٹرہٹ نے گذشتہ رات کراچی سے بذریعہ امارات ائر لائن کی پرواز 607۔ EK سے دبئی جانے والے مسافر محمد شا ہد کو مشکوک جانتے ہوئے اس کے سامان کی تلاشی لی تو انکشاف ہوا کہ مسافر نے ہینڈ بیگ میں خفیہ طریقہ سے 46لاکھ 54ہزار 350روپے مالیت کے غیر ملکی کرنسی چھپائی ہوئی ہے ، چھپائی گئی غیر ملکی کرنسی کو ضبط کر لیا گیا جس میں 16940 یورو،1500 امریکن ڈالر،1300 ٹرکش لیرا ، اور 100000 پاکستانی روپے شامل ہیں جن کی کل مالیت پاکستانی4654350 روپے چھیالیس لاکھ چوون ھزار تین سو پچاس روپے بنتی ہے ، ملزم کو کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے باظابطہ گرفتار کیا گیا اور ملزم سے مجاز عدالت کا ریمانڈ حاصل کر مزید تفتیش کی جار ہی ہے ،جبکہ ائر پورٹ کلکٹریٹ میں کلکٹر ڈاکٹر ندیم میمن اور ایڈیشنل کلکٹر اسد اللہ لاڑک کی اسمگلنگ کے سدباب کے لئے خصوصی ھدایات /احکامات کے نتیجہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹرنیشنل آرایول اور ڈپارچر لاونج پر تعینات عملے نے بیرون ملک سے آنے اور جانے والے مسافروں سے ممنوعہ اشیائ کو برآمد کرکے ضبط کیا ہے جس میں 78 بوتل شراب،40 ٹن بیئر،610 کارٹنز سگریٹ شامل ہیں ، سید عرفان علی میڈیا لائزن آفیسر کسٹمز انفورسمنٹ جناح ائیر پورٹ کراچی نے بتایا کہ ائرپورٹ کلکٹریٹ کا عملہ شب و روز تند ہی کے ساتھ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کی سرکوبی کے لئے مستعد اور متحرک ہے ،خیال رہے چیئرمین ایف بی آر فیلڈ میں موجود کسٹمز حکام کو پہلے ہی یہ ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ وہ ائیرپورٹ اور زمینی سرحدوں پر نگرانی سخت رکھیں اور کرنسی اسمگلنگ کی غیر قانونی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مستعد رہیں