منی لانڈرنگ کیس : ایف آئی اے نے عمران خان کو پیرکو کراچی طلب کرلیا

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو کراچی میں طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے عمران خان کو 31 اکتوبر پیرکوکراچی آفس میں طلب کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان پر طارق شفیع کے اکاؤنٹ سے پی ٹی آئی اکاؤنٹ میں 5 کروڑ 62 لاکھ روپے لینےکا الزام ہے۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 31 اکتوبر دن دو بجے ایف آئی اے کراچی آفس پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

خیال رہےکہ رواں ماہ 5 اکتوبر کو ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے پی ٹی آئی کو بیرون ملک سے غیر قانونی طور پر کراچی کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے رقوم منتقل کیے جانےکے شواہد ملنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں سید عارف مسعود نقوی، پی ٹی آئی عہدیدار طارق شفیع اور محمد رفیع لاکھانی نامزد ملزم ہیں جب کہ رقوم کی غیر قانونی منتقلی میں شامل ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا۔

ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران ابراج گروپ کے عارف مسعود نقوی کے قریبی ساتھی اور پی ٹی آئی کے مرکزی مالیاتی بورڈ کے رکن طارق شفیع سامنے آئے۔

انکوائری کے دوران ثابت ہوا کہ والٹن کرکٹ لمیٹڈ کے اکاؤنٹ سے 5 لاکھ 57 ہزار امریکی ڈالر طارق شفیع کے کراچی میں غیر ملکی بینک کی برانچ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے، یہ رقم 7 مئی 2013 کو کراچی کے بینک اکاؤنٹ میں موصول اور 8 مئی کو اسی اکاؤنٹ سے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آبادکے نجی بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی گئی۔

مقدمےکے مطابق طارق شفیع کے اسی اکاؤنٹ میں برٹش ورجن آئی لینڈ میں رجسٹرڈ کمپنیوں سے ایک اعشاریہ 84 ملین ڈالر موصول ہوئے، تمام ٹرانزیکشن مختلف کمپنیوں اور افراد کی ملی بھگت سے1947 ایکٹ کی خلاف ورزی سےکی گئیں، ملزمان پر فنڈز کی اصل نوعیت، مقام، نقل و حرکت اور ملکیت چھپانے کا بھی الزام ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*