
کراچی : شہر قائد میں حساس دفاتر پر حملے کی منصوبہ بندی کرنیوالے 3 دہشت گردوں کو بم سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کی بڑی کارروائی؛ کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے 3 مبینہ دہشت گرد گرفتار، حساس دفاتر اور مقامات کو نشانہ بنانے کا پلان ناکام
کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس ادارے نے شہرِ قائد میں مختلف مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 3 مبینہ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضہ سے تیار شدہ آئی ای ڈی (بم)، ہینڈ گرنیڈ اور 30 بور پستول برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ پہلی کارروائی گلستانِ جوہر بلاک 7 میں کی گئی، جہاں سے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت رحیم فضل اور بالاچ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ دونوں ملزمان اپنے تنظیمی کمانڈر سے مسلسل رابطے میں تھے اور حساس مقامات کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو آئی ای ڈی اور ہینڈ گرنیڈ سے نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی نے گلبائی چوک پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے ایک اور مبینہ دہشت گرد شاہ نور رحمان خان کو گرفتار کر لیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور گولیاں برآمد ہوئیں، گرفتار ٹی ٹی پی ملزم وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہا ہے اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کی ریکی کرنے اور انہیں نشانہ بنانے کی نیت سے ہی کراچی آیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں 3 الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
