میر رضا کیس میں کوتاہی کرنے والوں کو سزا ملے گی، شرجیل میمن کا اعلان

کراچی : صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر عملدرآمد کیا جائے گا اور جس نے کوتاہی کی ہوگی اس کو سزا دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میر رضا کیس کے حوالے سے بتایا سندھ کابینہ کے اجلاس میں گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پیش کی گئی، جسے وزیراعلیٰ سندھ نے تمام اراکین کے سامنے کھولا۔

ان کا کہنا تھا وزیراعلیٰ سندھ نے اس رپورٹ کے تفصیلی جائزہ کے لیے 3 سینئر وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، اس کمیٹی میں ضیاء الحسن لنجار، سعید غنی اور ناصر حسین شاہ شامل ہیں ، یہ کمیٹی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا مکمل مطالعہ کر کے سندھ کابینہ کو بریفنگ دے گی۔

شرجیل انعام میمن نے تحقیقات میں شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو پڑھ کر اس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور جس کسی نے بھی کیس میں کوتاہی کی ہوگی، اسے سزا دی جائے گی۔

انھوں نے واضح کیا اگر کسی پولیس افسر نے کیس کی صحیح طریقے سے تحقیقات نہیں کیں تو اسے بھی نتائج بھگتنا ہوں گے لیکن کسی ایک شخص کی غلطی کی وجہ سے پورے محکمے (سندھ پولیس) کو قصوروار ٹھہرانا ہرگز ٹھیک نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا سندھ پولیس نے ماضی میں بھی بڑے بڑے کیسز حل کیے ہیں، کراچی میں ایسا کوئی سانحہ یا دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہوا جس کے ملزمان کو نہ پکڑا گیا ہو۔

انہوں نے وضاحت کی کہ میر رضا کیس میں دو مختلف سوچوں کا تضاد تھا۔ ایک سوچ یہ تھی کہ میر رضا نے خودکشی کی ہے جبکہ دوسری سوچ کے مطابق یہ قتل کا واقعہ تھا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*