
کراچی: ڈیفنس فیزسکس میں بااثر شخص نے غنڈہ گردی کرتے ہوئے نوکری پیشہ شخص پرگولیاں چلادیں، تاہم شہری معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں گاڑیوں کی معمولی ٹکر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے نجی کمپنی کے ملازم کی گاڑی پر گولیاں چلا دیں۔
فائرنگ سے شہری محفوظ رہا، تاہم گاڑی کی ونڈ اسکرین اور تین دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
درخشاں تھانے میں درج ایف آئی آر میں کہا مدعی صبح گھر سے دفتر جا رہا تھا کہ خیابانِ شہباز پر ٹریفک سگنل کے قریب ایک گاڑی نے اس کا راستہ روک لیا۔ اس دوران دونوں گاڑیوں میں معمولی ٹکراؤ ہوا، جس کے بعد ملزم نے شہری کا تعاقب کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق شہری خوفزدہ ہو کر اپنے دفتر پہنچا اور شہباز کمرشل، فیز 6 میں گاڑی پارک کی تو ملزم بھی وہاں پہنچ گیا۔ ملزم پستول لے کر گاڑی سے اترا اور دھمکیاں دینے کے بعد فائرنگ شروع کردی۔
گولیاں لگنے سے گاڑی کی ونڈ اسکرین، تین دروازوں کے شیشے اور باڈی کو نقصان پہنچا، جبکہ ڈرائیونگ سیٹ پر بھی گولی لگی۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے شہری پر دوبارہ فائر کرنے کی کوشش کی، تاہم کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ نے مداخلت کرکے اس کی جان بچائی۔
واقعے کے بعد ملزم گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد جمع کیے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوع سے گولیوں کے چار خول ملے ہیں، جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔ مقدمہ اقدامِ قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔
