
اسلام آباد : پاکستانی ای پاسپورٹ کی نئی فیسوں کا شیڈول جاری کردیا گیا، جس میں تمام کیٹیگریز کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق آج سے پاسپورٹ بنوانے کے نظام میں تبدیلی کے ساتھ ہی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے پاکستانی شہریوں کے لیے ای پاسپورٹ (e-Passport) کی فیسوں کے مکمل شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
فیس کا تعین پاسپورٹ کی مدت ، صفحات کی تعداد اور نارمل یا ارجنٹ کیٹیگری کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
5 سالہ ای پاسپورٹ کی فیس
36 صفحات کے نارمل ای پاسپورٹ کی فیس 9 ہزار روپے جبکہ 72 صفحات کے پاسپورٹ کی فیس 16 ہزار 500 روپے مقرر ہے۔
ارجنٹ پراسیسنگ کے تحت 36 صفحات کے پاسپورٹ کے لیے 15 ہزار روپے اور 72 صفحات کے لیے 27 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
10 سالہ ای پاسپورٹ کی فیس
10 سالہ ای پاسپورٹ کے 36 صفحات کی نارمل فیس 13 ہزار 500 روپے جبکہ 72 صفحات کی فیس 24 ہزار 750 روپے ہے۔
ارجنٹ پراسیسنگ کے لیے 36 صفحات کے پاسپورٹ کی فیس 22 ہزار 500 روپے اور 72 صفحات کے پاسپورٹ کی فیس 40 ہزار 500 روپے مقرر ہے۔
شہری ای پاسپورٹ کے لیے درخواست دیتے وقت اپنی ضرورت کے مطابق پاسپورٹ کی مدت، صفحات کی تعداد اور پراسیسنگ کیٹیگری کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
