
کراچی: بن قاسم کےعلاقے میں گھر سے پانچ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ نے 2 افراد کی موت سر پر گولی لگنے ہونے کا انکشاف کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بن قاسم کے علاقے میں گھر سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے میں پولیس سرجن ڈاکٹرسمیعہ کا اہم بیان آگیا۔
پولیس سرجن نے 5 میں سے دو افراد کی موت سر پر گولیاں لگنے کے باعث ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا جاں بحق ہونے والے شاہ زیب اور صبا کو سر پر ایک، ایک گولی لگی۔
شاہ زیب کی عمر تقریباً 35 سال جبکہ صبا کی عمر 28 سے 30 سال تھی تاہم دونوں کے گن شاٹ ریزیڈیو، کیمیائی تجزیے اور ڈی این اے کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق شمیلہ، ایزل اور آریا کی موت کی وجہ متعلقہ رپورٹس آنے تک محفوظ رکھی گئی ہے، شمیلہ کی عمر 20 سے 22 سال، ایزل کی تقریباً 5 سال جبکہ آریا کی عمر 3 سال تھی، تینوں کے کیمیائی تجزیے، سیرولوجی اور ڈی این اے کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔
واقعے میں پانچوں افراد کی موت خودکشی یا قتل کے نتیجے میں ہوئی، اس حوالے سے تاحال حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مقدمہ بھی تاحال درج نہیں کیا گیا۔
متوفی خاندان کے پانچ افراد کی نماز جنازہ آج شام بعد نماز عصر ادا کی جائے گی تاہم واقعے کے محرکات اور اموات کی اصل وجوہات کا تعین متعلقہ تحقیقاتی اور فرانزک رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہوسکے گا۔
یاد رہے گذشتہ روز کراچی کے علاقےبن قاسم میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں ملنا انتہائی افسوسناک واقعہ تھام گھر سے ملنے والے خط سے پتہ چلتا ہے کہ رشتے داروں نے مشکل وقت میں شاہزیب کا ساتھ چھوڑا دیا تھا، جس سے ثابت ہوا کہ مشکل وقت میں اپنے بھی ساتھ نہیں دیتے اور اسی رویے نے پانچ قیمتیں جانیں لے لیں۔
