
کراچی : شہر قائد میں موسم کی بدلتی کیفیت کے ساتھ ہی گھروں میں بچوں کے نزلہ، کھانسی، گلے کی خراش اور بخار کی شکایات عام ہوتی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں سردیوں نے دستک دے دی ہے لیکن کراچی کے شہری سردی کے انتظار میں ہیں۔
کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بھی موسم کی تبدیلی کے اثرات اور بیماریاں سامنے آنے لگی ہیں، دن کے اوقات میں دھوپ اور گرمی برقرار ہے، تاہم شام ڈھلتے ہی موسم میں خنکی (ٹھنڈک) بڑھنے لگی ہے۔
موسم کی اس بدلتی کیفیت کے باعث گھروں میں بچوں کے نزلہ، کھانسی، گلے کی خراش اور مسلسل تیز بخار کی شکایات عام ہو رہی ہیں۔
ماہرینِ صحت نے ہدایت کی ہے کہ نزلہ، کھانسی یا بخار کی صورت میں خود سے علاج کرنے کے بجائے معالج سے رجوع کریں، اور معمولی احتیاط سے بچوں کو موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھیں۔
دوسری جانب پشاور، مانسہرہ اور مہمند سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش سے خنکی اور ٹھنڈ میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
مانسہرہ اور گردونواح کے بالائی مقامات، بالخصوص بابوسر ٹاپ پر موسمِ سرما کی پہلی برفباری سے وادی کے مناظر دلکش ہو گئے ہیں اور سیاح قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
انتظامیہ نے سیکیورٹی اور احتیاط کے پیشِ نظر شاہراہ بابوسر ٹاپ کو گٹی داس اور گلگت زیرو پوائنٹ کے مقام سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے تاہم وادیِ کاغان اور ناران جانے والے راستے کھلے ہیں جہاں سے سفر جاری رکھا جا سکتا ہے۔
