
کراچی : کے الیکٹرک نے کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا بجلی چوری کی زیادہ شرح والے علاقوں میں شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔
کے الیکٹرک نے آر ایل این جی کی فراہمی بحال ہونے اور بن قاسم پاور اسٹیشن تھری میں بجلی کی پیداوار مستحکم ہونے کے بعد عارضی لوڈ مینجمنٹ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
ترجمان کے ای نے بتایا کہ عارضی لوڈ مینجمنٹ ختم کردی گئی ہے، تاہم بجلی چوری کی زیادہ شرح اور بلوں کی کم وصولی والے علاقوں میں شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔
صارفین بجلی کی بندش کا شیڈول کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔
کے الیکٹرک نے آر ایل این جی کی فراہمی بحال کرنے میں تعاون پر پاکستان ایل این جی لمیٹڈ اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا، جبکہ بجلی کی فراہمی میں تعطل کے دوران صارفین کے صبر اور تعاون کو بھی سراہا۔
واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر، کلفٹن، ڈیفنس، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
