
لاہور(13 اکتوبر 2026): ملتان کے قریب رحمان بابا ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کے بعد ریلوے حکام نے مسافروں کی سہولت کے لیے مختلف ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری کردیے۔
ملتان کے قریب رحمان بابا ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کے بعد ریلوے حکام نے مسافروں کی سہولت کے لیے مختلف ٹرینوں کا نیا شیڈول اور متبادل انتظامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ دوسری طرف لاہور ریلوے اسٹیشن پر متعدد اہم ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے اور روٹس میں تبدیلی کے باعث ٹرینوں کے اوقات کار تبدیل کیے گئے ہیں۔ قراقرم ایکسپریس (42 ڈاؤن) کراچی کے لیے اپنے مقررہ وقت سہ پہر 3 بجے براستہ ساہیوال روانہ ہوگی، تاہم اس کے مسافروں کو فیصل آباد سے ملت ایکسپریس (18 ڈاؤن) میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
ملت ایکسپریس (18 ڈاؤن) فیصل آباد سے سہ پہر 3 بجکر 50 منٹ پر کراچی کے لیے روانہ ہوگی، جو اپنے سفر کے دوران مختلف اسٹیشنز سے گزرے گی جن میں دوپہر 1:35 پر چناب نگر، 1:54 پر چنیوٹ، 2:43 پر چک جھمرہ، شام 4:29 پر گوجرہ اور 4:53 پر ٹوبہ ٹیک سنگھ اسٹیشن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی ایکسپریس (16 ڈاؤن) ایک گھنٹہ تاخیر کے بعد شام 7 بجے روانہ ہوگی، جبکہ میانوالی ایکسپریس (148 ڈاؤن) کو براستہ وزیرآباد اور لالہ موسیٰ سرگودھا روانہ کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ میانوالی ایکسپریس کے علاوہ دیگر تمام ٹرینیں اپنے مقررہ اوقات کار کے مطابق رواں دواں ہیں۔
دوسری جانب حادثے اور دیگر وجوہات کی بنا پر لاہور ریلوے اسٹیشن پر آنے والی مسافر ٹرینیں شدید تاخیر کا شکار ہیں۔ کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس 6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی ہے اور اس کا روٹ تبدیل کر کے اب براستہ جہانیاں لاہور لایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے یہ ٹرین صبح 9:40 کی بجائے دوپہر 3:15 بجے لاہور پہنچے گی۔
اسی طرح کراچی سے آنے والی تیز گام ایکسپریس 6 گھنٹے تاخیر کے بعد دوپہر 2 بجے کی بجائے رات 8 بجے لاہور پہنچے گی۔ کراچی سے آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس پونے چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہو کر دوپہر 12:30 کی بجائے شام 4:15 بجے پہنچے گی، جبکہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی گرین لائن ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کے بعد دوپہر 3:30 کی بجائے شام 5 بجے لاہور پہنچے گی۔
