
کراچی(9 اکتوبر 2026): شہری ہوشیار! گلستان جوہر بلاک 14 میں چوری کی ایک انوکھی اور ہولناک واردات سامنے آئی ہے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 14 میں چوری کی ایک انوکھی اور ہولناک واردات سامنے آئی ہے جہاں گھر میں کام کرنے والی ملازمہ نے مبینہ طور پر گھر کے مالک کو چائے میں غنودگی کی گولی دے کر بیہوش کیا اور لاکھوں روپےالگ کر کے فرار ہو گئی۔
گلستان جوہر پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے کے متن کے مطابق یہ واردات گھر کے مالک عاطف کی مدعیت میں درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزمہ بشریٰ نے اپنے ایک اور ساتھی کے ساتھ مل کر اس واردات کو انجام دیا۔
ملزمہ نے پہلے گھر کے مالک کو چائے میں مبینہ طور پر نیند کی گولی دی جس سے وہ گہری نیند یا بے ہوشی کی حالت میں چلے گئے۔
مالک کے بیہوش ہونے کے بعد ملزمہ نے گھر سے 7 تولہ سونا اور بھاری نقدی سمیٹ لی۔ متاثرہ شہری کے مطابق چوری کیے گئے سونے کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے تک بنتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمہ بشریٰ اور اس کی ساتھی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
