
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تفصیلی ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس اہم ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور بین الاقوامی امن و امان کے قیام میں اقوام متحدہ کے کردار پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، تنازعہ جموں و کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی کے خطرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاک فوج کے نمایاں کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کی قیادت میں بین الاقوامی امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کو بھی سراہا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیو گوٹیرس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور UN کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی عظیم قربانیوں اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عالمی امن و امان کے استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے اقدامات کی خاص طور پر تعریف کی۔
