آئی ایم ایف سے مذاکرات آخری مرحلے میں داخل، پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر ملنے کا امکان

اسلام آباد : پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان موجودہ قرض پروگرام کی پانچویں قسط کے لیے پالیسی سطح کے مذاکرات 7 اکتوبر تک مکمل ہونے کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہوگئے، پانچویں قسط کے لیے بات چیت سات اکتوبر تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف مشن اور پاکستانی حکام کے درمیان پالیسی مذاکرات میں مختلف اہداف کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جبکہ مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال سے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی آگاہ کیا جائے گا ، جس کے بعد آئی ایم ایف وفد کی وزیراعظم سے ملاقات بھی جلد متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے بیشتر معاشی اہداف حاصل کر لیے ہیں، جبکہ حتمی مذاکرات میں آئی ایم ایف کے 9 ٹیبلز طے کرنے سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔
آئی ایم ایف کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی کارکردگی اور نجکاری کے عمل میں پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی ہے۔
بجلی کی تین تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی کی درخواستوں سے متعلق پیش رفت سے بھی آئی ایم ایف حکام کو آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف مشن پاکستان کے لیے تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی رقم جاری کرنے کی سفارش کرے گا۔
موجودہ جائزے کی کامیاب تکمیل سے پاکستان کو تقریباً ایک ارب ڈالر ای ایف ایف اور 200 ملین ڈالر آر ایس ایف کے تحت ملنے کی راہ ہموار ہوگی۔
دوسری جانب آٹو پالیسی سے متعلق بھی آئی ایم ایف کے ساتھ حتمی بات چیت جاری ہے۔

الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس اور گاڑیوں کے شعبے کے لیے مجوزہ ٹیکس اقدامات مذاکرات کا حصہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں پر رعایتی سیلز ٹیکس میں اضافے کی تجویز بھی زیرِ بحث ہے، تاہم آٹو پالیسی پر ابھی مکمل اتفاق نہیں ہوا اور مزید بات چیت متوقع ہے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*