
اسلام آباد: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے 10 اکتوبر سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈز کی منظوری کے لیے حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہوئے 10 اکتوبر سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
یہ فیصلہ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نبيل محمود طارق کی زیرِ صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں تنظیم کے سینئر نائب صدر حاجی عرفان سلطان، نائب صدر ممتاز علی خان، مرزا ارشد اقبال سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیے میں حکومت سے درج فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئ کہا کہ احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے دوران بلاوجہ تحویل میں لیے گئے کنٹینرز اور گاڑیوں کو فوری آزاد کیا جائے اور متعلقہ مالکان کو 20,000 سے 35,000 روپے کا مالی معاوضہ دیا جائے۔
راستوں میں گاڑیوں کو روک کر سیلز ٹیکس انوائس کے نام پر بھاری جرمانے اور ہراسانی کا سلسلہ بند کیا جائے اور ملک میں مسلسل بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیشِ نظر ڈیزل کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی کی جائے۔
ٹرانسپورٹرز رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے گزشتہ ہڑتالوں اور مذاکرات کے دوران جو وعدے کیے تھے، ان پر تاحال عمل درآمد نہیں کیا گیا جن سے ٹرانسپورٹ انڈسٹری شدید بحران کا شکار ہو چکی ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر 10 اکتوبر سے قبل ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کا حل نہ نکالا گیا تو ملک بھر میں سامانِ تجارت کی ترسیل مکمل طور پر ٹھپ کر دی جائے گی۔
