
کراچی (کرائم رپورٹر) بحریہ ٹاؤن کراچی میں بڑھتی وارداتوں کے پیشِ نظر سوسائٹی انتظامیہ نے رہائیشیوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکیورٹی الرٹ جاری کردیا۔ انتظامیہ کی جانب سے مبینہ جرائم میں ملوث افراد کا خواتین سمیت 54ملزمان پر مبنی تصویری البم بھی جاری کیا گیا ہے اور رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ افراد میں سے کسی کی بحریہ ٹاؤن کی حدود میں موجودگی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔سیکیورٹی ایڈوائزری کے مطابق بحریہ ٹاؤن کراچی میں چوری، ڈکیتی، چھینا جھپٹی اور بالخصوص بجلی کے پی ایم ٹیز سے آئل چوری کی وارداتوں کا معاملہ شدت اختیار کرگیا تھا، جس کے بعد انتظامیہ نے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے،بحریہ ٹاؤن کراچی انتظامیہ کی جانب سے یکم اکتوبر کو جاری سیکیورٹی ایڈوائزری میں رہائشیوں کو عملے کی لازمی رجسٹریشن اور پولیس تصدیق کی ہدایت کی گئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق تصاویر میں موجود افراد کو مبینہ طور پر بحریہ ٹاؤن کراچی میں چوری، چھینا جھپٹی اور PMT آئل چوری سمیت جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لے کر پانچ خواتیم سمیت 54 ملزمان پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ افراد میں سے کسی کو بحریہ ٹاؤن کراچی کی حدود میں دیکھا جائے تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دی جائے۔سیکیورٹی ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام گھریلو ملازمین، ورکرز اور لیبر کی BTKS رجسٹریشن اور پولیس ویری فکیشن لازمی کرائی جائے۔ انتظامیہ نے کمیونٹی کی سیکیورٹی کے لیے رہائشیوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
