کراچی: گورنمنٹ سٹی کالج واقعے کے خلاف سپلا کا احتجاج، اساتذہ کے تحفظ کا قانون بنانے کا مطالبہ

تحفظ و تکریمِ اساتذہ بل سندھ اسمبلی سے منظور کرانے کا مطالبہ، تعلیمی اداروں میں محفوظ ماحول کی فراہمی پر زور

کراچی: سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کی جانب سے گورنمنٹ سٹی کالج میں گزشتہ روز پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں کالج کے اساتذہ اور سپلا کے رہنماؤں نے شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس نے کہا کہ اساتذہ کے تحفظ اور تکریم سے متعلق قانون کی منظوری کے لیے متعدد بار حکام سے مطالبہ کیا جاچکا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ اور دیگر عملے کو درپیش واقعات کا سدباب ضروری ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں پُرامن ماحول میں جاری رہ سکیں۔کراچی ریجن کے صدر پروفیسر آصف منیر اور پروفیسر نہال اختر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایسے واقعات کے باعث طلبہ اور اساتذہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ سٹی کالج میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے اور کالج کے اساتذہ کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔مقررین نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر تعلیم سندھ اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور تعلیمی اداروں میں اساتذہ و غیر تدریسی عملے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اساتذہ کے تحفظ اور دیگر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ سپلا کی اپیل پر کراچی کے دیگر سرکاری کالجز میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں مختلف اساتذہ رہنماؤں نے شرکت کی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*