
ملک بھر میں آج سونے کی قیمتوں میں 5 روز کی مسلسل کمی کے بعد بڑا اضافہ ہوا ہے، جہاں فی تولہ سونا 4،700 روپے اور 10 گرام سونا 4،029 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جمعے کے روز پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں آج 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 53 ہزار 036 روپے کی سطح پر آ گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 029 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 88 ہزار 404 روپے مقرر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، عالمی سطح پر سونے کی قیمت 47 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 305 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فی تولہ چاندی کی قیمت 126 روپے بڑھکر 6963 روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ مقامی مارکیٹ میں مسلسل 5 روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 12,000 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 10 ہزار 287 روپے کمی ہوئی ہے۔
گزشتہ روز 24 ستمبر کو فی تولہ سونا 5 ہزار 600 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 48 ہزار 336 روپے کا ہوگیا تھا جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 800 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 84 ہزار 175 روپے ہوگئی تھی۔
23 ستمبر کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 1800 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 53 ہزار 936 روپے مقرر ہوگئی تھی جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 1544 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 89 ہزار 176 روپے کی سطح پر آگئی تھی۔
22 ستمبر کو مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ سونا 1800 روپے جب کہ 10 گرام سونا 1543 روپے سستا ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 55 ہزار 736 روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 90 ہزار 720 روپے مقرر ہوگئی تھی۔
21 ستمبر کو بھی فی تولہ سونا 2 ہزار 700 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 57 ہزار 536 روپے کا ہوگیا تھا جب کہ 10 گرام سونا بھی 2 ہزار 315 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 92 ہزار 263 روپے کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اسی طرح 19 ستمبر کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 100 روپے کی معمولی کمی دیکھنے میں آئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 60 ہزار 236 روپے ہو گئی تھی جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 85 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 94 ہزار 578 روپے پر آ گئی تھی۔
خیال رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے، اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
