لاڑکانہ : مصروف ترین بازار میں کار پر فائرنگ، دو بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق

لاڑکانہ : مصروف ترین بازار لاہوری محلہ میں کار پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک ضعیف خاتون معجزانہ طور پر محفوظ رہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے وسطی اور مصروف ترین تجارتی علاقے لاہوری محلہ میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو بھائیوں سمیت 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک ضعیف خاتون معجزانہ طور پر محفوظ رہیں۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق نوڈیرو کے گاؤں حسن واہن کی کھوکھر برادری سے ہے، جن کی شناخت اللہ ورایو، اس کے بھائی منصور علی، علی شیر اور گاڑی کے ڈرائیور محب علی (غلام محب) کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ کھوکھر برادری کے دو فریقین کے درمیان دیرینہ زمینی تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں مسلح ملزم کو گاڑی پر پے در پے 7 سے زائد فائر کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں فائرنگ کے اس لرزہ خیز واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*