
کراچی: شہر قائد میں ستمبر میں گرمی کا نو سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا، گزشتہ روز ستمبر کے مہینے کی شدید ترین گرمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج کل سورج آگ برسا رہا ہے اور شہری شدید حبس و گرمی کی لپیٹ میں ہیں، سمندری ہوائیں معطل ہونے کے باعث گزشتہ روز ستمبر کے مہینے کی شدید ترین گرمی ریکارڈ کی گئی، جس سے شہریوں کا سڑکوں اور گھروں میں جینا دوبھر ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 21 ستمبر 2026 کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، یہ درجہ حرارت ستمبر 2017 کے ریکارڈ (40.5 ڈگری سینٹی گریڈ) سے زیادہ رہا اور نو سالہ ریکارڈ توڑ گیا۔
کراچی میں ستمبر کے مہینے کا سب سے بلند ترین درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جو 30 ستمبر 1951 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔
یوں رواں ماہ کراچی میں 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہونے سے ستمبر کے دوران 2017 کا 9 سال پرانا 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
کئی روز سے شہر میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے. سمندری ہوائیں روٹھ جانے اور ڈائریکشن تبدیل ہونے کی وجہ سے دن کے وقت دھوپ کی حدت اتنی شدید تھی کہ شہریوں کا گھروں اور دفاتر سے باہر نکلنا محال رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی شہر میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
