
کراچی : رکشے میں بیٹھی لڑکی کو دوستی کی پیشکش کرنے والے پولیس اہلکار کو معطل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں رکشے میں سوار خواتین کو دوستی کی پیشکش کر کے ہراساں کرنے کے واقعے پر پولیس انتظامیہ نے سخت ایکشن لے لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد فوری نوٹس لیتے ہوئے متنازع پولیس اہلکار کو معطل کر دیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کا کہنا تھا کہ ہراسانی کے واقعے میں ملوث پولیس اہلکار عمران کو فوری طور پر عہدے سے معطل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ نے تصدیق کی کہ معطل اہلکار عزیز بھٹی تھانے میں تعینات تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کے امیج کو متاثر کرنے اور شہری خواتین کو ہراساں کرنے پر متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت محکمہ جاتی (Departmental) کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چلتی سڑک پر رکشہ روک کر اندر بیٹھی خاتون کو دوستی کی پیشکش کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس پر شہریوں اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے سخت احتجاج اور کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
