
بچوں، خواتین اور مردوں میں الیکٹرک بائیک تیزی سے مقبول، مختلف کمپنیوں کی جانب سے نئے ماڈلز متعارف
حیدرآباد: خصوصی رپورٹ
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز ہونے والے اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث پاکستان میں الیکٹرک بائیکس کی طلب اور فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد پیٹرول کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے بچنے کے لیے الیکٹرک بائیک کو سستا، آرام دہ اور ماحول دوست سفری متبادل سمجھتے ہوئے اس کی جانب راغب ہو رہی ہے۔الیکٹرک بائیکس نہ صرف مردوں بلکہ خواتین، اسکول و کالج کے طلبہ اور نوجوانوں میں بھی تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ روزمرہ آمدورفت، تعلیمی اداروں جانے اور قریبی فاصلے طے کرنے کے لیے شہری الیکٹرک بائیکس کے استعمال کو ترجیح دینے لگے ہیں، جس کے باعث آٹو موبائل انڈسٹری میں بھی اس شعبے کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔
الیکٹرک بائیکس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر ہائی اسپیڈ موٹر سائیکل کمپنی سمیت دیگر موٹر سائیکل ساز ادارے بھی الیکٹرک بائیکس کے نئے نئے ماڈلز متعارف کرا رہے ہیں۔ ان ماڈلز میں جدید ڈیزائن، بیٹری سے چلنے کا نظام اور شہری سفر کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ صارفین کو اپنی ضروریات اور بجٹ کے مطابق انتخاب کا موقع مل سکے۔
ہائی اسپیڈ موٹر سائیکل کمپنی کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ عمران لاکھانی کے مطابق الیکٹرک بائیک بیٹری سے چلتی ہے اور اس کے استعمال سے پیٹرول کے اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا بیٹری، آسان استعمال اور کم سفری اخراجات کے باعث الیکٹرک بائیکس کی فروخت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
عمران لاکھانی کے مطابق الیکٹرک بائیک پاکستان اور چین کے مشترکہ تعاون سے تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پیٹرول پر انحصار کم کرنا بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک بائیک نہ صرف معاشی اعتبار سے صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے بلکہ اس کے استعمال سے شہریوں کو آرام دہ سفر کی سہولت بھی میسر آ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہری اپنے ماہانہ سفری اخراجات کم کرنے کے لیے متبادل ذرائع تلاش کر رہے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ الیکٹرک بائیکس کی مارکیٹ میں دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے۔شہری علاقوں میں اسکول اور کالج جانے والے بچے اور بچیاں بھی الیکٹرک بائیکس استعمال کر رہے ہیں۔ والدین اور طلبہ کے لیے پیٹرول کے اخراجات میں کمی ایک اہم وجہ ہے، جبکہ خواتین بھی روزمرہ کے مختصر سفر کے لیے الیکٹرک بائیک کو آسان اور آرام دہ ذریعہ آمدورفت تصور کر رہی ہیں۔صنعت سے وابستہ افراد کے مطابق اگر الیکٹرک بائیکس کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ میں رہیں، بیٹری اور اسپیئر پارٹس کی سہولت دستیاب ہو اور چارجنگ کے مناسب انتظامات کیے جائیں تو مستقبل میں اس شعبے میں مزید ترقی کے امکانات موجود ہیں۔
اس کے علاوہ، روایتی پیٹرول موٹر سائیکلوں کے مقابلے میں الیکٹرک بائیکس شہری فضائی آلودگی کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہیں، خصوصاً جب بجلی کے حصول کا ذریعہ نسبتاً صاف ہو۔
