
پرتگال کے معروف فٹبال کلب ‘ایف سی پورٹو’ (FC Porto) نے سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت پاکستان کی پہلی ‘ڈریگن فورس اکیڈمی’ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی فیفا ورلڈ کپ کے لیے آفیشل فٹبالز تیار کرنے والی سیالکوٹ کی کمپنی ‘فارورڈ اسپورٹس’ کا ایک فلیگ شپ پراجیکٹ ہے۔
پرتگال میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس شراکت داری کے ذریعے ایف سی پورٹو نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ایک جامع اور انتہائی مؤثر تربیتی پروگرام منعقد کرے گا اور اس کے ساتھ ساتھ مقامی کوچز اور مینیجرز کی صلاحیتوں کو بھی نکھارا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’یہ اشتراک باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گا۔
ایف سی پورٹو ڈریگن فورس اکیڈمیز کے ڈائریکٹر ریکارڈو فرے راموس نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کلب کے فٹبال ڈیولپمنٹ کے طریقہ کار، اقدار اور تجربات شیئر کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔
سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے صدر اور فارورڈ اسپورٹس کے جنرل مینیجر حسن مسعود خواجہ نے اسے ایک شاندار پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان میں نوجوان ٹیلنٹ کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ کی ڈریگن فورس اکیڈمی ایف سی پورٹو کی 11ویں بین الاقوامی اکیڈمی ہوگی۔ اس سے قبل کلب کی جانب سے میکسیکو، برازیل، کولمبیا، ترکیے، موزمبیق، بھارت، کیپ ورڈے اور قبرص میں بھی ایسی اکیڈمیاں قائم کی جا چکی ہیں، کلب کا ہدف ہے کہ وہ 2030 تک عالمی سطح پر 40 ہزار نوجوان کھلاڑیوں تک اپنی رسائی ممکن بنائے۔
