خواجہ آصف کے بیان پر سندھ حکومت کا ردعمل شرجیل میمن نے وفاق سے وضاحت مانگ لی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے سندھ اور پیپلز پارٹی سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کرلی ہے کہ وزیر دفاع کا مؤقف حکومتی پالیسی کا عکاس ہے یا ان کی ذاتی رائے۔شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی جانب سے سندھ کے خلاف بیان بازی سیاسی جارحیت کے مترادف ہے، جس سے وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو سندھ اور پیپلز پارٹی پر تنقید سے قبل ملکی تاریخ، آئین اور پارلیمانی ریکارڈ کا مطالعہ کرنا چاہیے۔سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ صوبوں کی تشکیل سے متعلق پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح اور آئینی ہے، اس میں کسی قسم کا تضاد نہیں۔ ان کے مطابق پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے قیام کے حق میں دو مرتبہ قرارداد منظور کرچکی ہے، جبکہ سندھ اسمبلی سندھ کی تقسیم اور صوبے کے اندر مزید صوبے بنانے کے خلاف آٹھ مرتبہ اپنی رائے کا اظہار کرچکی ہے۔انہوں نے مسلم لیگ ن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سیاسی اتحادیوں کو خوش کرنے کی کوشش ضرور کرے، تاہم اس مقصد کے لیے سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کیا جائے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط بنانے، آئین کی بالادستی قائم رکھنے اور جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے وفاقی ڈھانچے اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پیپلز پارٹی اپنا کردار آئندہ بھی ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم وفاقی وزراء کی جانب سے ایسے بیانات جو کسی صوبے کے عوام کے احساسات کو مجروح کریں، وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*