
کراچی کسٹمز میں 1 کروڑ 65 لاکھ روپے کے فراڈ میں ملوث اہلکار سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جس میں نیلامی سامان جعلی دستاویزات پر گودام سے نکلوانے کا انکشاف ہوا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ کسٹمز میں نیلامی کے سامان سے متعلق 1 کروڑ 65 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، کسٹمز حکام نے اپنے ایک اہلکار، نیلامی میں بولی لگانے والے شخص اور مبینہ سہولت کار کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کسٹمز انفورسمنٹ نے نیلامی کے لاٹ میں کروڑوں روپے کے قیمتی سامان کی جعلسازی اور ٹیکس چوری پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
حکام نے بتایا مبینہ فراڈ فروری 2026 میں کسٹمز کی نیلامی میں پیش آیا، جہاں کسٹمز اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے 1 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا نیلامی سامان جعلی دستاویزات پر گودام سے نکلوانے کا انکشاف ہوا۔
تحقیقات کے مطابق سرکاری خزانے میں کسی بھی مد میں رقم جمع نہیں کرائی گئی بلکہ 1 کروڑ 50 لاکھ روپے کی نقد ادائیگی کی گئی۔
اس فراڈ کے نتیجے میں 55 لاکھ 30 ہزار روپے سے زائد کی ڈیوٹی اور ٹیکس چوری سامنے آئی، جبکہ 15 لاکھ روپے کے انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی بھی ہوئی۔
ملزمان نے نیلامی کی اصل فائل آکشن سیکشن سے غائب کر کے جعلی ڈیلیوری آرڈر، سرٹیفکیٹ، چالان اور ادا شدہ رسیدیں تیار کیں۔
کسٹمز حکام نے پیش رفت کرتے ہوئے طلحہ حفیظ، خان محمد اور محمد تحسین کو گرفتار کر لیا ہے، کسٹمز اہلکار محمد شہزاد اسلم پر اصل فائل غائب کرنے، نیلامی کی خفیہ معلومات خریدار کو فراہم کرنے اور محمد تحسین کے ذریعے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے وصول کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
ملزم طلحہ حفیظ پر جعلی دستاویزات کے ذریعے سامان حاصل کرنے جبکہ سیف نامی شخص پر سامان نکلوانے میں معاونت کا الزام ہے۔
کسٹمز حکام کے مطابق کیس میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور فنانسرز کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

