
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی آلودہ فضا کو بہتر بنانے کے لیے سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ سیپا نے ٹریفک پولیس کے اشتراک سے یکم سے 30 ستمبر تک شہر کے مختلف اہم مقامات پر گاڑیوں کی ماحولیاتی انسپیکشن کا شیڈول جاری کردیا۔سیکریٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ فیصل عقیلی کی ہدایت پر شروع کی جانے والی ویہیکولر ایمیشن کنٹرول مہم کے دوران گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھویں کا معائنہ کیا جائے گا، جبکہ مقررہ ماحولیاتی معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کے خلاف چالان سمیت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی جی سیپا عاشق لانگا کے مطابق بلوچ پل، میٹروپول، فائیو اسٹار چورنگی، عائشہ منزل، کورنگی، سوہراب گوٹھ، طارق روڈ اور نیشنل اسٹیڈیم چوک سمیت مختلف مقامات پر گاڑیوں کی جانچ کی جائے گی۔ماحولیاتی معیار کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی پر لال اسٹیکر چسپاں کیا جائے گا اور مالک کو خرابی دور کرنے کے لیے 15 روز کی مہلت دی جائے گی۔ مقررہ مدت میں گاڑی درست نہ کرانے کی صورت میں اسے سڑک پر چلنے سے روک دیا جائے گا، جبکہ ماحولیاتی معیار پر پورا اترنے والی گاڑی کو گرین اسٹیکر جاری کیا جائے گا سیکریٹری ماحولیات فیصل عقیلی نے کہا کہ مہم میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے گا اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی سفارش یا رعایت برداشت نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو گاڑی مقررہ ماحولیاتی معیار پر پوری نہیں اترے گی، وہ سڑک کے بجائے ورکشاپ میں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مہم کا مقصد محض چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کو آلودہ ہوا کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنی گاڑیوں کی فٹنس، انجن اور اخراجی نظام کی بروقت جانچ اور مرمت یقینی بنائیں۔
