
مری : مسلم لیگ ن کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے شاہ غلام قادر، چوہدری طارق اور وقار نور کے نام زیرِ غور ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس مری میں جاری ہے، جس کی صدارت پارٹی قائد میاں نواز شریف کر رہے ہیں۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز، وفاقی وزرا اور آزاد کشمیر کے نومنتخب لیگی ارکان شریک ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت سازی سے متعلق اہم امور پر مشاورت کی جا رہی ہے، جبکہ نئے وزیراعظم کے انتخاب پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے شاہ غلام قادر، چوہدری طارق اور وقار نور کے نام زیرِ غور ہیں، تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے، جبکہ حکومت سازی کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے مخصوص نشستوں کے امیدواروں کی مجوزہ فہرست بھی پارٹی قائد نواز شریف کو ارسال کر دی ہے، جن کی حتمی منظوری کے بعد حکومت سازی کا عمل مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
