
کراچی ( 13 اگست 2026) : مقتول میر رضا کی اسمارٹ واچ اور فون کو این سی سی ائی اے کے حوالے کر دیا گیا، اہل خانہ نے ڈیجیٹل ڈیوائسز کا فرانزک پنجاب سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
گلستان جوہر سے نوجوان میر رضا کی لاش ملنے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقتول کی اسمارٹ واچ اور موبائل فون این سی سی آئی اے کے حوالے کردیے گئے۔
اس حوالے سے مقتول میر رضا کیس کے وکیل جبران ناصر نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ڈیوائسز این سی سی آئی اے کے حوالے کی گئی ہیں۔
جبران ناصر نے بتایا کہ مقتول کے اہل خانہ کی این سی سی آئی اے میں حکام سے ملاقات ہوئی تھی، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کیس کی بہتر تحقیقات کیلئے فرانزک پنجاب سے کرایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک بیان میں مقتول میر رضا کے وکیل جبران ناصر کا کہنا تھا کہ میر رضا کے سوئم کے دن پولیس کی جانب سے اس کی اسمارٹ واچ مانگی گئی تھی، ایس ایس پی سومرو 8 روز تک یہ اہم ثبوت اپنی جیب میں لے کر گھومتے رہے۔
قبل ازیں کراچی کے مقتول نوجوان میر رضا کا پہلا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر اسامہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، انہیں انکوائری کمیٹی کے سامنے طلب کرلیا گیا۔
