کراچی کے علاقے ملیر میں پولیس نے رینجرز کے ہمراہ 4 آبادیوں میں کومنگ آپریشن کیا ہے، جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی، کاروباری مقامات پر بھی چیکنگ کی گئی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان بہادر کے مطابق ضلع ملیر کے ملیر سٹی تھانے کی حدود میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے گزشتہ رات 4 آبادیوں میں کومبنگ آپریشن کیا۔
ملیر سٹی کے داؤد گوٹھ، آسو گوٹھ، غازی بروہی گوٹھ اور شعبان ٹاؤن میں مجموعی طور پر 50 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی۔
علاقے کے رات کو کھلے ہوئے 7 ہوٹلوں اور دیگر کمرشل پوائنٹس پر بھی کارروائی کی گئی۔
عرفان بہادر کے مطابق رات 11 بجے سے لے کر رات 2 بجے تک کی گئی کارروائی میں رینجرز اور پولیس نے چیکنگ کے دوران 43 افراد سے پوچھ گچھ کی، جن میں سے کسی کو گرفتار یا حراست میں نہیں لیا گیا۔