ہالی ووڈ اداکارہ پر سابق شوہر کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام

ہالی ووڈ اداکار جونی ڈیپ کی جانب سے سابقہ اہلیہ امبر ہرڈ کے خلاف امریکی عدالت میں دائر کردہ ہتک عزت کے کیس میں خاتون ڈاکٹر نے گواہی دیتے ہوئے عدالت کو بتایا ہے کہ امبر ہرڈ ذہنی بیماری کا شکار رہی ہیں‘۔’

ہالی ووڈ کے صف اول کے اداکار جونی ڈیپ کی جانب سے ملازمت پر رکھی گئی خاتون ماہر نفسیات ڈاکٹر شینن کری نے اپنے بیان حلفی میں بتایا کہ امبر ہرڈ کے میڈیکل ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ذہنی بیماری کا شکار رہی ہیں۔

ڈاکٹر کے مطابق انہوں نے امبر ہرڈ کے میڈیکل ریکارڈ چیک کیے ہیں، جن سے معلوم ہوتا ہے کہ اداکارہ ’پرسنالٹی ڈس آرڈر‘ یا پھر ’بارڈرلائن پرسنالٹی ڈس آرڈر‘ جیسی ذہنی بیماری کا شکار رہی ہیں۔

مذکورہ بیماری یا مسئلے کا شکار شخص بیک وقت مختلف رجحانات یا عادات کا شکار ہوتا ہے، عام طور پر ایسے شخص کو متعدد شخصیتیں رکھنے والا فرد کہا جاتا ہے۔

ایسے مرض میں مبتلا افراد عام عوام کے سامنے دوسری طرح جب کہ نجی سطح پر دوسرے طریقے سے لوگوں سے پیش آتے ہیں اور ان میں سخت غصہ بھی پایا جاتا ہے، ایسے لوگ پرتشدد بھی ہوتے ہیں جب کہ دوسروں کو ہمیشہ غلط کہتے اور سمجھتے رہتے ہیں۔

خاتون ڈاکٹر کے مطابق وہ امبر ہرڈ کی بیماری سے متعلق ذاتی طور پر بیان نہیں دے رہیں بلکہ وہ سائنس کی جانب سے اخذ کیے گئے نتائج کی روشنی میں بتا رہی ہیں کہ اداکارہ ذہنی بیماری کا شکار رہی ہے۔

خاتون ڈاکٹر نے جیوری کو بتایا کہ وہ امبر ہرڈ کی جانب سے سابق شوہر پر تشدد کرنے کو بھی ان کی بیماری سے نہیں جوڑ رہیں، بس صرف وہ عدالت کو یہ بتانا چاہ رہی ہیں کہ اداکارہ ذہنی بیماری کا شکار رہی ہیں۔

مذکورہ کیس کی سماعت 7 رکنی جیوری ارکان کر رہے ہیں جب کہ 4 اضافی ارکان بھی جیوری کا حصہ ہیں۔

خاتون ڈاکٹر کے بیان حلفی دیے جانے سے قبل گزشتہ روز جونی ڈیپ نے اپنا بیان مکمل کروایا تھا اور ان سے امبر ہرڈ کے وکلا نے جرح بھی کی تھی۔

جونی ڈیپ نے اپنے بیانات اور جرح کے دوران بار بار ان الزامات کو مسترد کیا کہ انہوں نے سابق اہلیہ پر تشدد کیا تھا۔

مذکورہ کیس کا باضابطہ ٹرائل شروع ہونے سے قبل اس کی آخری سماعت 2020 کے اختتام میں ہوئی تھی، جس کے بعد کورونا کی وجہ سے اس کی سماعتیں ملتوی ہوتی رہیں۔

جونی ڈیپ کی جانب سے 2019 میں سابق اہلیہ کے خلاف 5 کروڑ ہرجانے کا مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد امبر ہرڈ نے بھی ان کے خلاف جوابی 10 کروڑ ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

جونی ڈیپ نے اس وقت سابق اہلیہ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جب کہ امبر ہرڈ نے واشنگٹن پوسٹ میں ایک مضمون لکھتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ وہ شادی شدہ زندگی میں گھریلو تشدد کا شکار رہی ہیں۔

انہوں نے مضمون میں سابق شوہر کا نام نہیں لکھا تھا مگر جونی ڈیپ کے مطابق امبر ہرڈ کا اشارہ ان کی جانب تھا، جس وجہ سے انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنے سمیت بدنامی کو بھی برداشت کرنا پڑا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*