شان مسعود نے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے صرف 2 میچز میں 152.72 کی اوسط سے 611 رنز اسکور کرلیے ہیں۔
پاکستانی کھلاڑی شان مسعود کو انگلینڈ کی زمین راس آگئی ہے اور انہوں نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں یارکشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے دھوم مچادی ہے۔
شان مسعود نے صرف 2 میچز میں 152.72 کی اوسط سے 611 رنز اسکور کیے اور اس دوران انہوں نے 2 ڈبل سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں بھی اسکور کیں جبکہ ان کا اب تک کا سب سے بہتر اسکور 239 رنز ہوگیا ہے۔
کاؤنٹی چیمپئن شپ میں دوسرے نمبر پر سسیکس کے کے ٹی جے بینرز موجود ہیں جنہوں نے 3 میچز میں 393 رنز اسکور کیے ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر سسیکس کے ہی بھارتی کھلاڑی چتیشور پجارا ہیں جنہوں نے 2 میچز میں 328 رنز اسکور کیے ہیں۔
دوسری جانب بولنگ کے میدان میں بھی پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں اوربولرز کی فہرست میں پاکستانی بولر حسن علی موجود ہیں۔
کاؤنٹی چیمپئین شپ،شان مسعود کی دسترس میں ایک اور ریکارڈ آگیا
حسن علی نے لنکا شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے گلوسٹر شائر کے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ وہ 2 میچز میں 14 وکٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
بولرز کی فہرست میں پہلا نمبر سمرسٹ کے کریگ اوورٹن کا ہے جنہوں نے 2 میچز میں 16 وکٹیں حاصل کیں ہیں جبکہ دوسرا نمبر ہیمپشائر کے بارکیر کا ہے جنہوں نے 3 میچز میں 15 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
بولرز کی فہرست میں تیسرا نمبر سرے کے جو کلارک کا ہے جنہوں نے بھی 3 میچز میں 15 وکٹیں ہی حاصل کی ہیں۔
علاوہ ازیں بولرز کی فہرست میں پاکستان کے محمد عباس بھی 11 ویں نمبر پر موجود ہیں جو 3 میچز میں 10 شکار کرچکے ہیں جبکہ حارث رؤف اب تک 2 میچز میں 9 وکٹیں لے چکے ہیں۔