
وفاق المدارس کے صدر اور ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی نے جید عالم دین شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں شہید کرنے والے مسلمان تو کیا، انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔ مفتی تقی عثمانی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ مولانا ادریس شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو چکے ہیں، تاہم ان کی وفات سے ملک و قوم ایک عظیم علمی اور ملکی اثاثے سے محروم ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ مولانا محمد ادریس گزشتہ روز چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں نامعلوم دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہو گئے تھے، جبکہ اسی واقعے میں ان کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔
