’وزیراعظم اپنا گھر اسکیم‘ کا آغاز؛ مستحق افراد کو ایک کروڑ روپے تک کا آسان قرض ملے گا

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں یکساں طور پر ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے "وزیراعظم اپنا گھر اسکیم” کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے حکومت کی ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال کی انتھک محنت اور وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث آج اس اہم اسکیم کا اجرا ممکن ہو سکا ہے۔

ریاض پیرزادہ نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت مستحق افراد کو ایک کروڑ روپے تک کا قرض انتہائی آسان شرائط پر فراہم کیا جائے گا۔ اسکیم کی مدت 20 سال تک ہوگی، جس میں ابتدائی 10 سالوں کے لیے مارک اپ کی شرح صرف 5 فیصد مقرر کی گئی ہے تاکہ کم آمدنی والے طبقے پر بوجھ نہ پڑے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ یہ اسکیم صرف وفاقی دارالحکومت تک محدود نہیں بلکہ اس کا اطلاق چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں یکساں طور پر ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اسکیم سے لاکھوں خاندانوں کو باعزت، محفوظ اور اپنی ملکیت کی رہائش گاہ میسر آئے گی۔

ریاض پیرزادہ نے اسکیم کی تیاری میں وزیراعظم، وزیرِ خزانہ اور وفاقی کابینہ کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ ہاؤسنگ کے افسران کی دن رات کی محنت نے اس منصوبے کو حقیقت کا روپ دیا ہے جو کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*