کراچی: کے فور منصوبہ: ورلڈ بینک کے معیار پر تحفظات؛ شہر میں بچھائی گئی پائپ لائنیں اکھاڑ کر دوبارہ نصب کرنے کی تجویز

کراچی: کراچی کے اہم آبی منصوبے کے فور (K-IV) میں ایک نئی تکنیکی خامی سامنے آگئی ہے، جہاں ورلڈ بینک نے شہری حدود میں بچھائی جانے والی پانی کی پائپ لائنوں کے معیار پر سنگین تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پہلے سے نصب لائنوں کو اکھاڑ کر دوبارہ بچھانے کی تجویز دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق کے فور منصوبے کے آگمینٹیشن فیز کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی ترسیل کے لیے پائپ لائنیں بچھائی جا رہی تھیں، تاہم عالمی بینک کے تکنیکی ماہرین نے معائنے کے دوران تنصیب کے معیار، حفاظتی تقاضوں اور انجینئرنگ اصولوں میں خامیوں کی نشاندہی کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض مقامات پر بچھائی گئی لائنیں مطلوبہ بین الاقوامی معیار پر پوری نہیں اترتیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اعتراضات کے بعد متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ ناقص قرار دی گئی پائپ لائنوں کو ہٹا کر ازسرنو عالمی معیار کے مطابق نصب کیا جائے تاکہ مستقبل میں پانی کی فراہمی کے نظام میں کسی بڑے مسئلے سے بچا جا سکے۔

یاد رہے کہ کے فور منصوبہ اس سے قبل بھی تکنیکی، انتظامی اور ماحولیاتی اعتراضات کی وجہ سے کئی بار تاخیر کا شکار ہو چکا ہے، جس کے باعث منصوبے کی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر ابتدائی مرحلے میں تعمیراتی معیار کو یقینی نہ بنایا گیا تو مستقبل میں لیکیجز، انفرااسٹرکچر کو نقصان اور پانی کی فراہمی میں تعطل جیسے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب سندھ حکومت کا مؤقف ہے کہ منصوبے پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور اعلیٰ حکام نے ہدایت کی ہے کہ تمام تعمیراتی مراحل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ کراچی کے بڑھتے ہوئے پانی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔

واضح رہے کہ کے فور منصوبہ کراچی کو یومیہ کروڑوں گیلن اضافی پانی فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا، تاہم مسلسل تاخیر اور فنی مسائل کے باعث یہ منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*