
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صبح چھ بجے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری بی آر ٹی منصوبے اور دیگر ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے حکام نے منصوبے کی پیش رفت، کام کے معیار اور تکمیل کے ٹائم لائن کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ دورے کے دوران کمشنر کراچی حسن نقوی اور ایم ڈی واٹر بورڈ سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ شہریوں کو نقل و حمل کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
