
کراچی: (اسٹاف رپورٹر)
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر قیادت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) کے اعلیٰ سطحی وفد نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، چیئرمین پنجاب واسا چوہدری شیر علی خان، وائس چیئرمین چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر اسداللہ خان، چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز، چیف اسٹریٹیجی آفیسر صادق یونس اور چیف فنانشل آفیسر عمار خان بھی شامل تھے۔دورے کا بنیادی مقصد کراچی اور لاہور کے واٹر اینڈ سیوریج اداروں کے درمیان باہمی تجربات کا تبادلہ اور شہری خدمات میں بہتری کے لیے تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بڑے شہروں کو درپیش آبی و سیوریج مسائل سے نمٹنے کے لیے جدید طرزِ حکمرانی، ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال اور ادارہ جاتی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے کامیاب ماڈلز اور تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے کراچی میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ واسا لاہور کے حکام کی جانب سے وفد کو پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم، ریونیو کلیکشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ مختلف فیلڈ آپریشنز کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔مزید برآں وفد کو ڈرینج سسٹم، ڈسپوزل اسٹیشنز اور مون سون سیزن کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا جائے گا تاکہ دونوں اداروں کے درمیان عملی تعاون کو مؤثر بنایا جا سکے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم، لائن لاسز میں کمی اور سیوریج کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے جدید اصلاحات ناگزیر ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو ایک جدید، خود کفیل اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے دوران حاصل ہونے والی معلومات اور تجاویز کی روشنی میں کراچی میں پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور ریونیو سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لیے قابلِ عمل حکمت عملی ترتیب دی جائے گی، جبکہ ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
