
کراچی(26 اپریل 2026): کلفٹن میں سابق ایس پی کے بیٹے آغا شہیر اور ایف بی آر انسپکٹر کے درمیان جھگڑے اور فائرنگ کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایف بی آر انسپکٹر پر فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم آغا شہیر کو فرار میں مدد دینے اور سہولت کاری کرنے والے 3 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے ایک مظہر علی کو کراچی سے پکڑا گیا ہے۔ مظہر علی پر الزام ہے کہ اس نے مرکزی ملزم آغا شہیر کو کراچی سے شکارپور فرار ہونے میں مدد فراہم کی تھی۔
مزید کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے شکارپور سے بھی دو ملزمان آغا طاہر خان اور آغا مصدق خان کو گرفتار کیا ہے، جو آغا طارق نامی شخص کے بیٹے ہیں۔ ان ملزمان نے مفرور ملزم آغا شہیر کی گاڑی کو اپنے ڈیرے پر چھپانے میں مدد دی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ شکارپور سے گرفتار دونوں ملزمان کو کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس دہشت گردی کیس میں اب تک مجموعی طور پر تین گرفتاریاں عمل میں آ چکی ہیں، جبکہ مرکزی ملزم کی تلاش جاری ہے۔
