بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر سے 4 مزدور جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، پی پی نے ریڈ لائن کے نام پر عوام سے دھوکا کیا، منعم ظفر

کراچی (26 اپریل 2026): امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر کے باعث اب تک 4 مزدور جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے یونیورسٹی روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبہ کراچی کی آبادی کے لیے عذاب بن گیا ہے اور منصوبے کی تاخیر کے باعث اب تک 4 مزدور جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی پی نے ریڈ لائن منصوبے کے نام پر عوام سے دھوکا کیا۔ 2023 میں مکمل ہونے والا منصوبہ اب تک ادھورا ہے۔ صوبے پر 18 سال سے قابض جماعت نے ہر شہر کی ہر سڑک اور ادارے کو برباد کر دیا ہے۔

منعم ظفر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی تباہی سے تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز برباد ہو گئے ہیں۔ میئر کراچی بتائیں 55 ارب روپے کے فنڈز کہاں لگ رہے ہیں؟ شہر سے کچرا کیوں نہیں اٹھایا جا رہا؟ قابض میئر کو جواب دینا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب اسے ترقی کا سال کہتے ہیں، حقیقت میں یہ تباہی کا سال ہے۔ ریڈ لائن منصوبے کی تکمیل کی اب کوئی ڈیڈ لائن باقی نہیں رہی۔ شرم کا مقام ہے کہ اب میمز بن رہی ہیں کہ آبنائے ہرمز کھل جائے گی مگر یونیورسٹی روڈ نہیں کھلے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وڈیرہ شاہی کے ذریعے لوگوں کو غلام بنانے کا ڈراما کراچی میں نہیں چلے گا۔ ظالمانہ نظام کے خلاف عوام کو کھڑا کریں گے اور حق لے کر رہیں گے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*