
کراچی کے علاقے داؤد چورنگی پر گزشتہ روز موٹر سائیکل پر بیٹھا 6 سالہ بچہ طلحہٰ ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا جس کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
کراچی کے علاقے داؤد چورنگی پر پیش آئے حادثے کی فوٹیج میں ٹریلر کو موٹر سائیکل کو ٹکر مارتے دیکھا جاسکتا ہے۔
حادثے میں موٹر سائیکل پر ماموں کے ساتھ بیٹھا بچہ موقع پر جاں بحق ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پتا چل سکے گا کہ موٹر سائیکل سوار اوور ٹیک کررہا تھا یا پھر ٹریلر کی رفتار زیادہ تھی۔
بچے کے ماموں کا کہنا ہے کہ روڈ پر جگہ جگہ گڑھے ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہے۔
واضح رہے کہ 20 اپریل کو ملیر رضا موبائل مارکیٹ کے قریب ٹریلر کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار ایک نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 22 سالہ مظہر ولد جان محمد کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والے شخص نے اپنا نام 22 سالہ حمید عالم ولد گل زادہ بتایا تھا۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی تھی۔
