سندھ حکومت نے بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیر منسوخ کر دیا؛ سست روی اور ناقص معیار پر متبادل انتظامات کا فیصلہ

کراچی : سندھ حکومت نے بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیر کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا اور کہا حکومت اب اس حصے کے لیے متبادل انتظامات کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے (لاٹ-2) کے ترقیاتی کاموں میں سست روی، غیر تسلی بخش کارکردگی اور عالمی معیار کی خلاف ورزی پر کنٹریکٹرز کا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ کارروائی شہریوں کو درپیش شدید مشکلات اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تحفظات کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

حکام کے مطابق جوائنٹ وینچر کمپنیوں، سی آر 3 اور اے ایم ایسوسی ایٹس نے صحت، تحفظ اور ماحولیاتی معیار کو برقرار رکھنے میں ناکامی دکھائی، جس کی وجہ سے ان کا کنٹریکٹ ختم کر دیا گیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے حالیہ دورے کے دوران کام کی رفتار اور حفاظتی اقدامات پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

موسمیات سے نمائش تک کے اس کوریڈور پر طویل تاخیر کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی، جس کا نوٹس لیتے ہوئے ٹرانس کراچی نے معاہدہ ختم کرنے کی باقاعدہ کارروائی شروع کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ لاٹ-2 کا ترقیاتی کام مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں پایا گیا، اور سست روی کے باعث منصوبے کی لاگت اور وقت میں اضافہ ہو رہا تھا۔

حکومت اب اس حصے کے لیے متبادل انتظامات کرے گی تاکہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*