کراچی کا سب سے بڑا بھتہ خور قانون کے شکنجے میں؛ وصی اللہ لاکھو کے ریڈ وارنٹ جاری

کراچی : شہر قائد میں سب سے بڑے بھتہ خور وصی اللہ لاکھو کے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے گئے ، سی آئی اے گزشتہ کئی سالوں سے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوشاں تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کئی برسوں سے خوف و ہراس پھیلانے والے اور بڑے پیمانے پر بھتہ خوری میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزم وصی اللہ لاکھو کے خلاف سندھ پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔

انٹرپول کے ذریعے ملزم کے باقاعدہ ریڈ وارنٹ جاری کر دیے گئے، کراچی پولیس اور بالخصوص سی آئی اے گزشتہ کئی سالوں سے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوشاں تھی۔

سی آئی اے کی جانب سے متعدد بار اعلیٰ حکام کو خطوط لکھے گئے تھے، جس کے بعد قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے 21 اپریل 2026 کو ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کیے گئے۔

وصی اللہ لاکھو سندھ پولیس کو قتل، اقدامِ قتل، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور پولیس موبائلوں پر حملوں جیسے 60 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب ہے۔

ریڈ وارنٹ میں ملزم کو "انتہائی خطرناک اشتہاری” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ گرفتاری کے وقت احتیاط برتی جائے۔

وارنٹ کے خفیہ خانے میں ملزم کے بیرونِ ملک فرار ہونے یا روپوش ہونے کے ممکنہ امکانات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

حکام کی جانب سے بین الاقوامی اداروں سمیت تمام ایئرپورٹس اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے ملزم کی شناخت کے لیے تصاویر بھی جاری کی ہیں تاکہ اسے کسی بھی جگہ دیکھتے ہی فوری قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

سندھ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری سے کراچی میں جاری بھتہ خوری کے نیٹ ورک کو توڑنے میں بڑی مدد ملے گی۔

اسے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

*

*
*