
کراچی : پولیس نے شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا، یہ ملزمان نہایت ہی منظم طریقے سے وارداتیں کرتے تھے۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف پولیس کو اہم کامیابی مل گئی کورنگی پل پر شہریوں کو لوٹنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ایک اور بڑی ڈکیتی میں ملوث ملزمان بھی قانون کی گرفت میں آگئے
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو مختلف کارروائیوں میں انتہائی منظم اور خطرناک گینگ کے ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ان کارروائیوں میں کورنگی پل پر شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان اور ایک کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی میں ملوث گروہ شامل ہے۔
کورنگی پل پر شہریوں سے لوٹ مار کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 5 رکنی گینگ کو دھر لیا ، ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان نہایت ہی منظم طریقے سے وارداتیں کرتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ گینگ کے کارندے ملیر ندی کے راستے آتے اور باقاعدہ سیڑھی لگا کر پل پر چڑھتے تھے، جہاں وہ ٹریفک میں پھنسے یا وہاں سے گزرنے والے شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹ کر دوبارہ ندی کے راستے فرار ہو جاتے تھے۔
ایک اور بڑی کارروائی میں پولیس نے ایک کروڑ 4 لاکھ روپے کی ڈکیتی میں ملوث گروہ کے ارکان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ گینگ بینک سے بڑی رقم نکلوانے والے شہریوں کو نشانہ بناتا تھا۔ گروہ کا ایک کارندہ بینک کے اندر ‘مخبر’ کے طور پر موجود رہتا تھا جو بڑی رقم نکالنے والوں کی نشاندہی کرتا تھا، جس کے بعد باہر موجود دیگر ساتھی واردات انجام دیتے تھے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اب تک 75 لاکھ روپے برآمد کر لیے ہیں، ہ دونوں کیسز میں گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر روپوش ساتھیوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف حصوں میں مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
